Feb ۱۱, ۲۰۱۹ ۱۴:۵۷ Asia/Tehran
  • سعودی فوجی اتحاد کے وفد کا دورہ اسلام آباد

سعودی عرب کے فوجی اتحاد کا ایک وفد پاکستان کے سابق آرمی چیف راحیل شریف کی قیادت میں اسلام آباد پہنچا ہے۔

پاکستان کے سابق آرمی چیف کی قیادت میں سعودی فوجی اتحاد کا وفد اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران پاکستان کے سیاسی حکام اور عسکری قیادت سے ملاقات کرے گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے چار سال قبل اپنے خود سرانہ اقدام کے تحت مشرق وسطی، ایشیا اور افریقا کے بعض مسلم ملکوں سے ہم آہنگی کئے بغیر ان کا نام اپنے خود ساختہ فوجی اتحاد میں شامل کرلیا تھا اور اس کا نام دہشت گردی کے خلاف اتحاد رکھا تھا۔
گذشتہ برس جنوری میں سعودی عرب کی درخواست اور پاکستانی وزارت دفاع کی توثیق کے بعدپاکستان کے سابق آرمی چیف راحیل شریف کو سعودی عرب کے اس خود ساختہ فوجی اتحاد کا کمانڈر بنادیا گیا۔
پاکستانی حکومت نے ملک کے اندر شدید مخالفتوں اور سیاسی کشمکش کے باوجود اس سعودی فوجی اتحاد میں شمولیت اختیار کرلی تاہم اس نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان علاقے یا علاقے سے باہر کے کسی بھی ملک کے خلاف اس فوجی اتحاد کے حملے میں شامل نہیں ہوگا۔