Feb ۱۵, ۲۰۱۹ ۱۴:۲۱ Asia/Tehran
  • بن سلمان کے دورہ پاکستان پر سیکورٹی کی ذمہ داری فوج کے ہاتھوں میں

سعودی ولیعہد بن سلمان کے عنقریب دورہ پاکستان کے موقع پر پاکستانی فوج نے ان کی جان کی حفاظت کے لئے ضروری سیکورٹی انتظامات اپنے ہاتھ میں لے لئے ہیں۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق سعودی ولیعہد بن سلمان کے دورہ اسلام آباد کے خلاف پاکستانی عوام کی وسیع پیمانے پر مخالفتوں اور احتجاج کے باوجود وہ ہفتے کو اسلام آباد پہنچنے والے ہیں۔

پاکستانی اخبار ڈان نے اس بارے میں لکھا ہے کہ سیکورٹی کے سارے اقدامات پاکستانی فوج کے ذمے ہیں اور پاکستانی فوج نے سبھی زمینی اور ہوائی سیکورٹی کی ذمہ داری اپنے ہاتھ میں لے رکھی ہے-

خبروں میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فوج نے صورتحال پر پورا کنٹرول رکھنے کے لئے وزارت داخلہ کی عمارت میں ایک کنٹرول روم قائم کر دیا ہے جہاں سے وہ بن سلمان کی قیام گاہ تک جانے والے سبھی راستوں پر نظر رکھے گی-

اس کے علاوہ پاکستانی فوج کے خصوصی دستوں کے بارہ ہزار فوجی اسلام آباد اور راولپنڈی میں تعینات ہیں تاکہ وہ ہرطرح کی مشتبہ نقل و حرکت پر نظر رکھیں-

اس کے علاوہ  بن سلمان کے طیارے کے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے سے لے کر اسلام آباد ہوائی اڈے پر اس کے اترنے تک کے دوران پاکستانی فضائیہ کے جنگی طیارے اس کو اپنے حصار میں لئے رہیں گے جبکہ  پاکستانی فضائیہ کے جنگی طیارے بن سلمان کے قیام کے دوران مسلسل پاکستان کی فضا میں گشت کرتے رہیں گے تاکہ ہر طرح کے ممکنہ خطرے کا مقابلہ کر سکیں-

یہ ایسی حالت میں ہے کہ سعودی حکومت کے اعلی حکام کی چھے رکنی ٹیم نے پہلے ہی پاکستان کا دورہ کر کے بن سلمان کے دورے سے متعلق سیکورٹی کے اقدامات کا جائزہ لیا ہے-

 

ٹیگس