Feb ۱۸, ۲۰۱۹ ۲۰:۰۷ Asia/Tehran
  • پاکستان اور ایران دہشت گردوں کے ناپاک مقاصد کو ناکام بنا دیں گے، قریشی

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔

 شاہ محمود قریشی نے سیستان و بلوچستان کے دہشت گردانہ حملوں میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے اور اسلام آباد کسی صورت میں تہران کے لیے بدامنی کا باعث نہیں بنے گا۔
پاکستان کے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو اپنے ہمسایہ ملکوں کی سلامتی کا پورا احساس ہے اور ہم اپنی سرزمین کو دوسرے ملکوں کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران مل کر دہشت گردوں کے ناپاک  مقاصد کو ناکام بنا سکتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان سیکورٹی تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور ہم تہران کی فراہم کردہ اطلاعات کی بنیاد پر ہر اس گروہ کے خلاف کاروائی کریں گے جو ہمارے برادر اور ہمسایہ ملک کی سلامتی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے گزشتہ روز ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا ملک، سرحدی سیکورٹی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے خصوصی وفد بھی تہران بھیجنے کے لیے تیار ہے۔

ٹیگس