Feb ۲۱, ۲۰۱۹ ۱۷:۳۷ Asia/Tehran
  • پاکستان: صوبے سندھ کی اسمبلی میں ہنگامہ

پاکستان کے صوبہ سندھ کی اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے شدید ہنگامہ کیا جس کے باعث اجلاس جمعے تک ملتوی کر دیا گیا۔

پاکستان کے قومی احتساب بیورو، نیب نے آمدنی سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی کو گرفتار کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا اور یکم مارچ تک جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا- جس وقت آغا سراج درانی کو اسلام آباد میں عدالت میں پیش کیا گیا اس وقت پی پی کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی جو اسے انتقامی کارروائی قرار دے رہی تھی-

اس درمیان آغا سراج درانی کی گرفتاری کے معاملے پر جمعرات کو قومی اسمبلی میں بھی اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور یوں کارروائی جمعے تک ملتوی کرنی پڑی۔ اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر کے ڈائس کا گھیراؤ کر لیا- اس موقع پر پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے سوال کیا کہ منتخب اسپیکر کو گھسیٹ کر آپ کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں-

انہوں نے کہا کہ جو رویہ سراج درانی کے ساتھ اپنایا گیا ہے وہ قابل قبول نہیں ہے- پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی اسپیکرسندھ اسمبلی کی گرفتاری پر شدید برہمی کا اظہار کیا- وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ انھیں افسوس ہے کہ وہ صوبے کا وزیراعلی ہوتے ہوئے بھی اسپیکر اور ان کے خاندان کو نیب کی دہشت گردی سے نہیں بچا سکے۔