Mar ۲۲, ۲۰۱۹ ۰۷:۴۱ Asia/Tehran
  • سینیٹر سراج الحق جماعت اسلامی  کے نئے امیر

سینیٹر سراج الحق مسلسل دوسری بار آئندہ 5 سال کے لئے جماعت اسلامی کے امیر منتخب ہو گئے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق سینیٹر سراج الحق مسلسل دوسری بار امیر جماعت اسلامی منتخب ہوگئے ہیں، امارت کے انتخابات میں مجموعی طور پر 34 ہزار 266 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الیکشن کمشنر اسد اللہ بھٹو نے بتایا کہ جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ نے امیرجماعت کے لئے مولانا سراج الحق، لیاقت بلوچ اور پروفیسر محمد ابراہیم کے نام تجویز کئے تھے، تاہم ارکان کی اکثریت نے  سینیٹر سراج الحق کے حق میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور وہ ایک بار پھر 5 سال کے لئے جماعت اسلامی کے امیر منتخب ہوگئے۔

واضح رہے کہ مولانا سید ابوالاعلی مودودی جماعت کے بانی اور پہلے منتخب امیر تھے جو 1941 سے 1072 تک جماعت اسلامی کے امیر رہے۔ان کے بعد میاں محمد طفیل 1972سے 1987 تک امیر کے عہدے پر فائز رہے۔قاضی حسین احمد 1987 سے2009تک باقاعدہ انتخاب کے ذریعے امیر منتخب ہوتے رہے۔اسی طرح سید منور حسن 2009 سے 2014 جبکہ سراج الحق 2014 سے 2019 ءتک کے لئے امیر منتخب ہوئے تھے۔

ٹیگس