Mar ۲۵, ۲۰۱۹ ۱۵:۱۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں نوروز کی تقریب، صدر عارف علوی کی شرکت

نوروز کے موقع پر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

 اسلام آباد میں منعقدہ جشن روز کی تقریب میں پاکستان کے صدر عارف علوی، ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں کے سفیروں کے علاوہ اسلام آباد میں مقیم ایرانی شہریوں نے بھی شرکت کی۔
 اس موقع پر نوروز منانے والے ملکوں نے اپنے اپنے ملکوں کی ثقافت اور رسومات کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی اسٹال بھی لگائے۔
 پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے نوروز کے حوالے سے ایران کے بڑے اسٹال کا خاص طور پر معائنہ کیا اور حاضرین کو جشن نوروز کی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے جشن نوروز کی تقریب کے انعقاد میں تعاون کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر اور ثقافتی مرکز کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا۔
 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے صدر عارف علوی نے کہا کہ جشن نوروز پاکستان میں بھی منایا جاتا ہے اور ملک کے مختلف علاقوں میں نوروز کی رسومات پوری آب و تاب کے ساتھ منائی جاتی ہیں۔
قدیم ترین ایرانی تہوار نوروز دنیا کے بارہ ملکوں میں منایا جاتا ہے اور اقوام متحدہ نے دو ہزار دس میں ایک قرارداد کے ذریعے نوروز کو عالمی امن کی تہذیب اور اکیس مارچ کو نوروز کا عالمی دن قرار دیا تھا۔

ٹیگس