Mar ۲۵, ۲۰۱۹ ۲۰:۰۶ Asia/Tehran
  • اسلامو فوبیا پوری دنیا کے لیے خطرہ، فیڈریکا موگرینی

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی انچارج فیڈریکا موگرینی نے دنیا بھر میں اسلامو فوبیا کے مقابلے پر زور دیا ہے۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیڈریکا موگرینی نے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا نہ صرف مسلمانوں بلکہ پورے یورپی معاشرے کے لیے خطرہ ہے۔
فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ یورپی یونین کے تمام ممبر ممالک کی اولین ترجیح ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اسلامو فوبیا ہمارے معاشروں میں کوئی جگہ نہ بنائے۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی انچارج نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر ایران کے ساتھ اپنے ملک کے خصوصی تعلقات کو انتہائی اہم بتایا اور امریکہ سے مختلف موقف اپنانے پر یورپی یونین کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، ایران کے بارے میں یورپی یونین کے امریکہ سے مختلف موقف سے آگاہ ہے۔
ہندوستان کے ساتھ حالیہ کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان باہمی اختلافات کو مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کیے جانے پر یقین رکھتا ہے۔

ٹیگس