Apr ۱۵, ۲۰۱۹ ۲۰:۲۸ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیراعظم کا عنقریب دورہ ایران

پاکستان کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی سرکاری دعوت پر دو روزہ دورے پر اکیس اپریل کو تہران پہنچیں گے۔

وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد عمران خان کا یہ پہلا دورہ ایران ہو گا- پاکستانی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان تہران جاتے ہوئے کچھ دیر کے لئے مشہد مقدس میں بھی رکیں گے-

پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ عمران خان ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کرنے کے علاوہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے بھی ملاقات کریں گے-

پاکستانی وزیراعظم کے ساتھ مختلف وزرا اور اعلی مشیروں پر مشتمل ایک اعلی رتبہ وفد بھی تہران آرہا ہے- پاکستانی وزیراعظم تہران میں ایران اور پاکستان کے تاجروں کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے-

پاکستانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ پاکستان کے گہرے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی اشتراکات ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک ای سی او کے بانی ارکان ہیں جبکہ او آئی سی میں بھی دونوں ملکوں کا تعاون بہت خوشگوار رہا ہے-

ٹیگس