May ۰۸, ۲۰۱۹ ۰۸:۱۵ Asia/Tehran
  • ظلم کی یہ رات ختم ہوگی: نواز شریف

پاکستان کے نا اہل ہونے والے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے تا حیات قائد نواز شریف ضمانت کی مدت ختم ہونے کے بعد دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل ہوگئے ہیں۔

نواز شریف قافلے کی صورت میں جاتی امرا سے کوٹ لکھ پت جیل پہنچے ان کے ہمراہ ان کی صاحبزادی مریم نواز اور مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنماؤں کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے جیل منتقلی سے قبل کارکنوں کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ظلم کی یہ رات ختم ہوگی اور جیل کی کال کوٹھری سے مجھے نجات ملے گی، کارکن جانتے ہیں کہ مجھے کس گناہ کی سزا دی جارہی ہے۔

  نواز شریف نے جیل جانے سے قبل اپنے اہل خانہ اور سیاسی رفقا کے ہمراہ افطار کیا۔

جاتی امرا کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے لیگی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان تباہی کے راستے پر ہیں، انہیں اگر یہ منظور ہے تو چلتے رہیں، نواز شریف کے بیانیے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اب بھی نواز شریف ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر قائم ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کےوزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بیٹی نے پہلے والد کی سیاست ناکام کی اوراب ان کا جلوس نکال رہی ہے جب کہ بیٹوں نے پلٹ کر والد کا حال تک نہ پوچھا اورچھوٹے کو یقین ہوگیا کہ بڑا بھائی جیل ہی جائے گا تو وہ بھی بھاگ نکلا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انوکھا قیدی ہے جو تمام قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، میاں صاحب کچھ بھی کرلیں انہیں اپنے کیے کی سزا بھگتنا پڑے گی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 26 مارچ کو نواز شریف کی طبی بنیادوں پر 6 ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت منظور کی تھی، جس کے بعد سابق وزیراعظم کی ضمانت کی مدت کل 7 مئی کو ختم ہوگئی۔

 

ٹیگس