May ۰۸, ۲۰۱۹ ۱۹:۳۲ Asia/Tehran
  • تیل اور گیس کے شعبے میں ایران اور پاکستان کے تعاون کا جائزہ

پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر مہدی ہنردوست اور پاکستانی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر نے تیل وگیس کے میدان میں باہمی تعاون کی توسیع کے طریقوں کا جائزہ لیا.

ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے بدھ کو اسلام آباد میں پاکستانی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر سے ملاقات میں پانچ ارب ڈالر سالانہ تجارتی حجم تک پہنچنے کے لئۓ دونوں ملکوں کے اقتصادی اور تجارتی وسائل کو بروئے کار لانے کی ضرورت کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ تیل و گیس کا شعبہ دونوں ملکوں کے تعاون کا سب سے اہم ترین میدان ہے۔

ایرانی سفیر نے پاکستان کے لئے ایران کی گیس پائپ لائن پروجیکٹ کی تکمیل کے لئے تہران اور اسلام آباد کی مشترکہ کوششوں پر تاکید کی۔ پاکستان کے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر نے بھی اس ملاقات میں انرجی کے شعبے میں دونوں ملکوں کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے گیس پائپ لائن کے پروجیکٹ کی تکمیل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے باہمی صلاح مشورے جاری رکھنے پر زور دیا۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے منگل اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کا ملک ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل کے لئے ضروری اقدامات انجام دے گا۔

ٹیگس