Jun ۰۶, ۲۰۱۹ ۱۸:۲۹ Asia/Tehran
  • پاکستان: بلوچستان میں ایف سی اہلکاروں پر حملہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں عید کی سیکورٹی پر تعینات ایف سی اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملے میں دو ایف سی اہلکار ہلاک ہو گئے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں عید کی سیکورٹی کے لئے تعینات ایف سی اہلکاروں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جس میں دو ایف سی اہلکار ہلاک ہو گئے-

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے ایف سی اہلکاروں کا تعلق سبی اور لکی مروت سے ہے- ان ایف سی اہلکاروں پر یہ حملہ اس وقت ہوا جب وہ سیکورٹی گشت پر تھے- حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا-

ابھی تک کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے- ماہ رمضان میں بھی صوبہ بلوچستان اور اس کے صدر مقام کوئٹہ میں متعدد دہشت گردانہ حملے ہوئے تھے جن میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے تھے-

بلوچستان کے علاوہ لاہور میں داتا دربار کے باہر بھی ہونے والے دہشت گردانہ خود کش بم دھماکے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے تھے-

ٹیگس