Jun ۰۹, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۰ Asia/Tehran
  • شہبازشریف کی واپسی، واپس آ کر کوئی احسان نہیں کیا: فردوس عاشق اعوان

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہبازشریف نے وطن واپس آکر کوئی احسان نہیں کیا۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف لندن سے واپس لاہور پہنچ گئے جہاں لیگی کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق طبی معائنے کی غرض سے لندن جانے والے صدر ن لیگ شہباز شریف 2 ماہ بعد لاہور میں ماڈل ٹاؤن اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے جہاں ن لیگی رہنما، اراکین اسمبلی اور کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔

لاہور ائیرپورٹ پر سخت سیکیورٹی کے باوجود متعدد لیگی کارکن زبردستی ایر پورٹ کے اندر داخل ہو گئے، کارکنان اور ائیر پورٹ سیکیورٹی کے درمیان تلخ کلامی و دھکم پیل ہوئی، کارکنان ایرپورٹ سیکیورٹی فورس کو دھکیل کر آرائیول لاونج تک پہنچ گئے ۔

شہباز شریف کے استقبال کیلیے آنے والے لیگی کارکنوں سے نمٹنے کیلیے واٹر کینن بھی ایئرپورٹ پر منگوائی گئی تھی جب کہ اینٹی رائٹ فورس کے دستے بھی ایئرپورٹ پر تعینات تھے۔

پاکستانی حکومت کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی وطن واپسی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہبازشریف نے وطن واپس آ کر کوئی احسان نہیں کیا، ان پر بہت سے مقدمات ہیں جن کا انہیں سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ خاندان کے باقی افراد کیوں نہیں آئے؟

واضح رہے کہ شہباز شریف 13 جون کو احتساب عدالت میں پیش ہوں گے جہاں ان کے خلاف رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اقبال اسکینڈل کے مقدمات زیر التوا ہیں، جب کہ گزشتہ سماعت پر ان کی عدم حاضری پر عدالت نے اظہار برہمی کیا تھا۔

ٹیگس