Jun ۲۳, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۵ Asia/Tehran
  • شہباز شریف کے خلاف مریم نواز کا سیاسی خودکش حملہ

میثاق معیشت پر مسلم لیگ ن میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں اور مریم نواز نے شہباز شریف کی کھل کر مخالفت کردی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نہ یہ ملک مصر ہے نہ ہم نوازشریف کو مرسی بننے دیں گے۔ میثاق معیشت کی کھل کر مخالفت کرتے ہوئے انہوں نے اسے مذاق معیشت قرار دیدیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا ہمیشہ مختلف پوائنٹ آف ویو ہوتا ہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر بھی پارٹی ڈسپلن کے پابند ہیں۔ ہماری اپروچ میں فرق ہوسکتا ہے۔ انہوں نے واضح انداز میں کہا کہ پارٹی کے اندر بھی جمہوریت ہے آخری فیصلہ نوازشریف کا ہوتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کیخلاف کیسزجھوٹے یا سچے مجھے علم نہیں۔ انویسٹی گیشن کے دوران ہی انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ جن کیخلاف کیسز ثابت ہو گئے وہ قانون سے ماورا کیوں۔ یہ جانتے ہوئے بھی کہ ریلیف نہیں ملے گا ہم باربار عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا رہے ہیں۔

در ایں اثناء پاکستان کے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے اپنی ہی جماعت پر خودکش حملہ کیا ہے۔ ان کا میثاق معیشت کی مخالفت کرنے کا مطلب اپنے چچا شہبازشریف کا مذاق اڑانا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ دو بیانیوں میں دھنس گئی ہے، مریم صفدر کو اپنے چچا سے پارٹی کی صدارت سے استعفی بھی طلب کر لینا چاہیے، مریم نواز خود ضمانت پر ہیں، ان کے جرم ختم نہیں ہوئے، یہ نیا پاکستان ہے یہاں صرف آئین اور قانون کی حکمرانی ہو گی۔

ٹیگس