Jun ۲۷, ۲۰۱۹ ۱۰:۱۳ Asia/Tehran
  • افغان صدراشرف غنی پاکستان پہنچ گئے

افغان صدراشرف غنی پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے معزز ممہان کو خوش آمدید کہا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق افغان صدر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی  سے ملاقاتیں کریں گے۔

 افغان صدر کے دورہ پاکستان کے دوران سیکیورٹی، امن و مفاہمت، سیاسی، تجارتی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دورے کے دوران دیگر اعلیٰ حکام اور کاروباری افراد بھی افغان صدر سے ملاقات کریں گے جس میں دونوں ممالک کے کاروباری افراد موجود ہوں گے۔

افغان صدر اشرف غنی تھنک ٹینک کے اجلاس سے خطاب بھی کریں گےاور صدرپاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے دیے گئے عشائیہ میں بھی شریک ہونگے۔

شیڈول کے مطابق ڈاکٹر محمد اشرف غنی کل لاہور جائیں گےجہاں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان  سے ملاقاتیں کریں گے۔

افغان صدر نماز جمعہ بادشاہی مسجد لاہور میں ادا کریں گے۔ ڈاکٹر اشرف غنی کل شام لاہور سے ہی وطن واپس روانہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ اشرف غنی کا سال 2014 کے بعد یہ تیسرا دورہ پاکستان ہے جس میں طالبان کے ساتھ سیاسی طور پر معاملات طے کرنے کی کوششیں کی گئیں جبکہ افغانستان میں ایک دہائی پر مشتمل جنگ میں پاکستان پر عسکریت پسند تحریکوں کی حمایت کے الزامات عائد کیے جاتے رہے۔

افغان صدر کے ترجمان ہارون چکھن سوری نے کہا ہے کہ اس وقت یہ دیکھنا اہم ہے کہ پاکستان سمیت خطے کے کون سے ممالک امن کے خواہاں ہیں اور افغانستان میں امن کے لیے کس طرح کی مدد فراہم کر سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتہ افغانستان کے سیاسی ،سماجی و مذہبی رہنما  پاکستان میں اکھٹے ہوئے تھے اور افغان امن سے متعلق بحث کی گئی تھی۔

 

ٹیگس