Jul ۱۴, ۲۰۱۹ ۱۴:۳۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرتارپور کوریڈور مذاکرات

کرتار پور راہداری کے بارے میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور واگہ سرحد پر جاری ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق ان مذاکرات میں تیرہ رکنی پاکستانی وفد کی قیادت ڈی جی سارک اور ساؤتھ ایشیا ڈاکٹر محمد فیصل جب کہ آٹھ رکنی ہندوستانی وفد کی قیادت جوائنٹ سیکریٹری وزارت داخلہ ایس سی ایل داس کر رہے ہیں۔ ہندوستانی وفد میں وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور پنجاب حکومت کے افسران شامل ہیں۔
مذاکرات شروع ہونے سے پہلے پاکستانی وفد کے سربراہ ڈاکٹر محمد فیصل نے امید ظاہر کی آج کی بات چیت نتیجہ خیز ہو گی۔
ہندوستانی وفد نے بھی مذاکرات کے اچھے نتائج کی امید ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ ملک کے مفاد اور مسافروں کی حفاظت کے ساتھ کسی طرح کو سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کرتارپور راہداری منصوبے پر مذاکرات کا پہلا دور چودہ مارچ کو ہندوستان کے سرحدی علاقے اٹاری میں ہوا تھا اور اب ان مذاکرات کا دوسرا دور دو مہینے کی تاخیر سے اٹاری واگہ سرحد کیمپس میں ہو رہا ہے۔
دونوں ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ آئندہ نومبر میں گرو نانک کی پانچ سو پچاسویں سالگرہ سے پہلے دونوں کو اپنے اپنے علاقوں میں کرتارپور کوریڈور کا کام مکمل کرنا ہے۔
پاکستانی ذرائع نے بتایا ہے کہ کرتارپور راہداری کی تعمیر کا کام آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، زیرو پوائنٹ سے دربار اور شکر گڑھ نارووال روڈ تک سڑک، انٹری گیٹ اور رہائشی عمارتوں کا نوے فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔