Jul ۲۰, ۲۰۱۹ ۰۷:۱۶ Asia/Tehran
  • شہباز شریف کے150 بینک اکاؤنٹس منجمد

نیب کی درخواست پر شہبازشریف اوران کے خاندان کے مختلف بینکوں میں موجود 150 اکاؤنٹس منجمد کر دیئے گئے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق نیب کی درخواست پر پاکستان کے صوبہ پنجاب کے خادم اعلی شہبازشریف اور ان کے خاندان کے مختلف بینکوں میں موجود 150 اکاونٹس منجمد کر دئیے گئے  اور شہباز شریف، حمزہ شریف اور ان کے خاندان کے اکاونٹس میں موجود رقم منجمد کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے  بینکوں کو مراسلے لکھے تھے جن میں شہبازشریف، نصرت شہباز، حمزہ شہباز، سلمان شہباز، مہرالنسا، رابعہ عمران، عمران علی اورعائشہ ہارون کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کا کہا گیا تھا، جس پر بینکوں نے شہباز شریف، حمزہ شریف سمیت شریف خاندان کے دیگر افراد کے اکاؤنٹس میں موجود رقم منجمد کرکے اکاؤنٹس کی تفصیلات نیب کو فرا ہم کر دی ہیں۔ اس سے قبل منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار ہونے والے پنجاب کے سابق وزیر قانون اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ اور ان کے اہلخانہ کے بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کر دیئے گئے تھے۔

رانا ثناء اللہ کی اہلیہ نبیلہ ثناء نے کہا کہ ان کے داماد شہریار اور بیٹی اقراء کا بینک اکاؤنٹ بھی منجمد کردیا گیاہے، جبکہ ان کے مدارس کے اکاؤنٹس بھی منجمد کردیئے گئے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ جس گاڑی میں رانا ثناء اللہ سفر کررہے تھے، وہ بھی واپس نہیں کی جارہی۔

نبیلہ ثناء نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گاڑی میں رانا ثناءاللہ سے مشابہت رکھنے والے کو بٹھا کر ویڈیو بنائی جائے گی۔

 

ٹیگس