Jul ۲۲, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں طاقتور کا احتساب شروع ہوچکا ہے: عمران خان

پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان میں طاقت ور کا احتساب شروع ہوچکا ہے اور جیل سے باہر نکلنے کے خواہش مند لوٹا ہوا پیسہ واپس دیں اور جائیں۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان ںے واشنگٹن ڈی سی کے اسٹیڈیم کیپیٹل ایرینا ون میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میرٹ ہے بادشاہت نہیں، اس لیے بادشاہت پیچھے رہ گئی اور جمہوریت میرٹ پر آئی، لیڈر شپ کی وجہ سے آگے نکل گئی۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں اصل تباہی 1985میں غیرجماعتی الیکشن میں ہوئی جب پہلی بار سیاست میں پیسہ چلنا شروع ہوا، سیاست دانوں کو خریدا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ یہاں سب حکومت کے خلاف اکھٹے ہوگئے ہیں، فضل الرحمن اسلام کو لے آتے ہیں اور پہلی بار پاکستان کی اسمبلی ڈیزل کے بغیر چل رہی ہے، سیکولر بلاول بھی ساتھ مل گیا ہے، ن لیگ بھی ان کے ساتھ ہے، یہ سب اکھٹے ہوگئے ہیں اور ان کا ایک ہی مقصد ہے این آر او، مجھے بیرون ملک سے سفارشیں کرائی گئیں، ایک بادشاہ نے بھی سفارش کی، اگر ہم نے طاقت ور کا احتساب کردیا اور بے نامی جائیدادیں ضبط کرلیں اور بیرون ملک گیا پیسہ واپس لے آئے تو یہی ہے وہ وقت جب پاکستان بدلے گا۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں معدنیات کے اربوں ڈالر کے ذخیرے موجود ہیں، یہاں تو سو سال تک بجلی کی کمی ہونی ہی نہیں چاہیے، اربوں ٹن کوئلہ تھر میں موجود ہے لیکن بدقسمتی ہے کہ ریکوڈک کا جرمانہ ہوا، نہیں پتا سپریم کورٹ نے یہ کنٹریکٹ کیوں ختم کیا؟ وہاں صرف ایک جگہ 200 ارب ڈالر کا تانبہ پڑا ہے، اس معاملے کے پیچھے بھی کرپشن تھی پیسے مانگے جارہے تھے، بڑی کمپنیاں پاکستان میں اسی لیے نہیں آتیں، جن کمنپیوں سے ملا ہر کمپنی یہی کہتی ہے کہ ہم سے رشوت مانگی جاتی ہے لیکن اب کمپنیاں پاکستان ضرور آئیں گی۔

قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان امریکا آنے والے پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے کہا کہ میں فائیو اسٹار ہوٹل میں نہیں بلکہ پاکستان ہاؤس میں ٹھہروں گا، ہمیں یہاں موجود پاکستانیوں پر فخر ہے جو حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہیں، یہ پاکستانی سرمایہ بھیج کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں، ایک طبقہ وہ ہے جو رقم یہاں سے پاکستان منتقل کرتا ہے اور ایک طبقہ وہ ہے جو پاکستان سے منی لانڈرنگ کے ذریعے رقم ملک سے باہر بھیجتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم ان دنوں امریکہ کے دورے پرہیں اور آج وہ امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔

ٹیگس