Jul ۲۵, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۷ Asia/Tehran
  • کسی کے سامنے نہیں جھکا: عمران خان

پاکستان کے وزیراعظم کے دورہ امریکہ کا اختتام ہو گیا اور وہ آدھی رات پاکستان پہنچ گئے۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان دورہ امریکا سے وطن واپس پہنچے جہاں اسلام آباد ائیرپورٹ پر استقبال کے لئے آئے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ کسی ملک کے دورے سے نہیں بلکہ ورلڈ کپ جیت کر آرہا ہوں، پاکستان کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کے خواب کا پاکستان بنانا ہے، میں نہ کسی کے سامنے جھکا ہوں نہ میں اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے دوں گا، خوددار قوم بننا ہے اور قومیں بھیک مانگ کر نہیں بنتیں، دنیا ان کی عزت کرتی ہے جو اپنی عزت کرتے ہیں دنیا میں ملک کو وہاں لے کر جانا ہے جہاں عزت ہو ایک سال قبل قوم نے اقتدار دیا وعدہ کرتا ہوں کھبی مایوس نہیں کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ دنیا کو کہا ہے کہ ہماری مدد کریں کہ لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں، الله نے بہت کرم کیا ہے صرف ملک کو ٹھیک کرنا ہے ادارے ٹھیک کرنے ہیں ۔

واضح رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم امریکہ کا 3 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد آدھی رات پاکستان پہنچ گئے۔

دورے کے آخری روزعمران خان سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور کیپیٹل ہل میں اسپیکر کانگرس نینسی پلوسی نے ملاقات کی۔

پاکستانی دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم نے مائیک پومپیو کو دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور مدارس اصلاحات سے آگاہ کیا۔

اس سے قبل واشنگٹن میں کیپٹل ہل میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے امریکہ کو کبھی زمینی حقائق سے آگاہ نہیں کیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیرخارجہ مائیک پومپیو کو بتایا ہے کہ پاکستان نے امریکہ کی جنگ میں ہزاروں جانیں قربان کی ہیں، دونوں ممالک کا مقصد خطے میں امن ہے، مسئلہ افغانستان پیچیدہ اور مشکل عمل ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کو خطے کی صحیح صورت حال سے آگاہ کیا، امریکہ نے ہمیشہ پاکستان سے ڈو مور کہا، ہم خود دفاعی پوزیشن میں ہیں ہم سے ڈومور کا مطالبہ کیسے کیا جاسکتا ہے۔

 

ٹیگس