Aug ۰۱, ۲۰۱۹ ۰۸:۱۳ Asia/Tehran
  • پاکستان: ایوان بالا سینیٹ میں تبدیلی

سینیٹ میں تبدیلی کے لئے پارلیمانی عملے نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ رائے شماری بذریعہ خفیہ بیلٹ ہوگی۔ پولنگ بوتھ میں موبائل فون لے جانے پر پابندی ہوگی اور بیلٹ پیپر کسی کو دکھانا یا اس کی تصویر بنانا بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان کے ایوان بالا سینیٹ میں تبدیلی نمبر گیم میں اپوزیشن کو 65 سینیٹرز کے ساتھ برتری، جماعت اسلامی تحریک عدم اعتماد سے لاتعلق جبکہ حکومت کو 36 سینیٹرز کی حمایت حاصل ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی اور تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ قائد ایوان شبلی فراز نے صادق سنجرانی کے استعفیٰ کے مطالبات کو اپوزیشن کا اوچھا ہتھکنڈا قرار دیا۔

ادھر چیئرمین سینیٹ کے لئے امیدوار حاصل بزنجو نے متحدہ اپوزیشن کے سینیٹرز کو عشائیہ دیا جس میں تمام اپوزیشن قائدین نے شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری نمبر گیم 65 تک پہنچ چکی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ صادق سنجرانی نے بدھ کا دن چیئرمین آفس میں آخری روز کے طور پر گزارا، انہوں نے اپنی فائلز اور دیگر ذاتی اشیا گھر بھجوا دیں۔

یاد رہے کہ  پاکستان کے صدر  نے سینیٹ کے اہم اجلاس کے لئے سینیٹر بیرسٹر سیف کو پریزائیڈنگ افسر نامزد کیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف قرارداد پر خفیہ رائے شماری کے ذریعے ووٹنگ ہوگی۔

پریزائیڈنگ افسر گنتی کے بعد عدم اعتماد کامیاب یا ناکام ہونے کا اعلان کریں گے۔ ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحریک پر ووٹنگ بھی اسی طریقہ کار کے تحت ہو گی۔

ٹیگس