Aug ۰۸, ۲۰۱۹ ۰۷:۴۴ Asia/Tehran
  • علامہ طاہر محمود اشرفی دہشت گردی کے لیے مالی معاونت میں ملوث

فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق حافظ محمد طاہر اشرفی نے غیر ملکی این جی او سے 2 کڑور 25 لاکھ 8 ہزار 360 روپے وصول کیے۔

پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے علما کونسل پاکستان کے چیئرمین علامہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور دیگر کے خلاف دہشت گردی کے لیے مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرلیا اور جلد ہی ان کی گرفتاری عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ انہوں نے غیرملکی این جی او نارویجن چرچ ایڈ سے رقم وصول کی جس کی وزارت خارجہ، اقتصادی امور ڈویژن اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں رجسٹریشن نہیں تھی۔

علاوہ ازیں ایف آئی اے نے درج ایف آئی آر میں کہا کہ طاہر اشرفی نے جرمن سفارتخانے سے 43 لاکھ 44 ہزار 516 روپے اپنے اکاؤنٹ میں وصول کیے تھے۔

اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ طاہر اشرفی نے خود کوعلم و امن فاؤنڈیشن کا سربراہ قرار دے کر جرمن سفارتخانے سے رقم حاصل کی تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق مولانا طاہر اشرفی نے غیرملکی اور غیر رجسٹرڈ این جی اوز سے بلاجواز فنڈز وصول کرکے منی لانڈرنگ کی اور حاصل کی گئی رقم کو غیرقانونی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے واضح کیا کہ طاہر اشرفی اور دیگر کے خلاف تحقیقات کے دوران مذکورہ الزامات درست ثابت ہوئے، جس پر متعلقہ حکام کی منظوری کے بعد ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے مالی معاونت کا مقدمہ درج کیا گیا۔

ٹیگس