Aug ۲۵, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۱ Asia/Tehran
  • یو این سیکریٹری جنرل سے شاہ محمود کی کشمیر کی صورتحال پر گفتگو

پاکستان کا کہنا ہے کہ انٹونیو گوٹیریز نے کشمیر کا معاملہ ہندوستانی وزیراعظم سے ملاقات میں اٹھانے کی یقین دہانی کرادی۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا پریس بریفنگ میں کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریز سے فون پرکشمیر کی صورتحال پر بات کی اور وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ یو این سیکرٹری جنرل نے شاہ محمود سے کہا کہ وہ پیرس میں ہیں اور ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی سے بات کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا ہندوستانی اقدام یو این چارٹر کے منافی ہے اور پاکستان پانچ اگست کے اس اقدام کو مسترد کر چکا ہے، میں نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کوکشمیر کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود جا کر حالات دیکھیں اور  سلامتی کونسل کے پانچ ممبر ممالک کو صورتحال کی نزاکت سے آگاہ کریں۔

واضح رہے کہ ہندوستان نے اس ملک کے زیر انتظام کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے دن سے تاحال غیر معینہ مدت تک کے لیے کرفیو نافذ کر رکھا ہے اور اس دوران شہریوں کو بنیادی اشیائے صرف کی قلت کا سامنا ہے جب کہ سیاسی قیادت کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

ٹیگس