Oct ۲۸, ۲۰۱۹ ۰۷:۴۱ Asia/Tehran
  • مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ اسلام آباد کی جانب روانہ

مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمارا قیام اداروں کے احترام کے تحت ہوگا۔

 پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر قیادت آزادی مارچ کراچی سے شروع ہوا جو اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے۔

جے یو آئی کے آزادی مارچ کا آغاز کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ سے ہوا۔ مارچ کی سربراہی مولانا فضل الرحمان کررہے ہیں جب کہ مارچ کی نگرانی صوبائی سیکریٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو کررہے ہیں۔ مارچ میں جے یو آئی (ف)کے رہنماؤں اور کارکنوں کے علاوہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر جماعتوں کے مقامی قائدین اور کارکن بھی شریک ہیں۔

مارچ میں شامل ہونے والے کارکنان کو علاقائی اور ضلعی سطح پر تقسیم کیا گیا ہے تاکہ مارچ میں شامل کارکنوں کے کھانے، پینے اور دیگر سہولتوں کی فراہمی بہتر انداز میں ہوسکے۔

آزادی مارچ کے آغاز پر کارکنوں سے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو استعفیٰ دینا ہوگا، ہم سے این آر او لینے آپ کی ٹیم آئے گی، اسلام آباد میں ہمارا قیام اداروں کے احترام کے تحت ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں اس ملک کی سیاست کا تجربہ ہے، ہم ملک کے آئین اور جمہوریت کے ذمہ دار رہے ہیں، ہم 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات اور اس کے نتیجے میں قائم ہونے والی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے، ہم نے اپنے سفر کا آغاز باب اسلام سے کیا ہے، جب یہ قافلہ اسلام آباد میں دم لے گا تو اسلام کا نام بلند ہوگا۔

ٹیگس