Oct ۲۹, ۲۰۱۹ ۱۷:۳۷ Asia/Tehran
  • نواز شریف کی سزا آٹھ ہفتے کے لیے معطل کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انکی سزا آٹھ ہفتے کے لیے معطل کردی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق منگل کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطل کرنے اور ضمانت پر رہا کرنے سے متعلق درخواست سماعت کی۔ عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا کو آٹھ ہفتے کے لیے معطل کرتے ہوئے طبی بنیادوں پر ان کی عبوری ضمانت کی منظوری دے دی ہے۔
عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مزید ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کے بجائے پنجاب حکومت سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔ 
قابل ذکر ہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے دسمبر دوہزار اٹھارہ کو العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم کو سات سال قید بامشقت اور ڈھائی کروڑ ڈالر جرمانے کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد سے وہ کوٹ لکھپت جیل میں بند تھے۔ 
اکیس اکتوبر کو جیل میں میاں نواز شریف کی صحت اچانک خراب ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں جس کے بعد انہیں لاہور کے سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

ٹیگس