Oct ۳۱, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۴ Asia/Tehran
  • ٹرین میں آتشزدگی 70 جاں بحق صدر اور وزیراعظم کی تعزیت

پاکستان کے شہرکراچی سے لاہور جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 70 ہو گئی ہے۔

کراچی سے لاہور جانے والی تیز گام ایکسپریس میں رحیم یار خان کے قریب سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 70 افراد جاں بحق اور 32 سے زائد زخمی ہو گئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں سے زیادہ تر کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے۔

ریلوے ذرائع کے مطابق آگ نے 3 بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مسافر ٹرین میں سلنڈر سے انڈا بوائل کررہے تھے کہ اچانک آگ بھڑ ک اُٹھی، متعدد افراد نے کود کر جان بچائی۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے مطابق ٹرین کی اکانومی کلاس میں آگ لگی۔ تبلیغی جماعت کے لوگ اجتماع میں جارہے تھے۔

شیخ رشید نے کہا کہ زیادہ ہلاکتیں مسافروں کےچلتی ٹرین سےچھلانگ لگانے کی وجہ سے ہوئیں جبکہ شدید زخمیوں کو رحیم یارخان منتقل کیاجارہا ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ آفیسر باقر حسین کا کہنا ہے کہ دو بو گیوں میں لگی آ گ بجھا دی گئی ہے جبکہ تیسری بوگی کی آگ کی شدت میں بھی کمی آ گئی ہے ۔

ریلوے ذرائع کے مطابق جلی ہوئی بوگیاں الگ کر کے متاثرہ تیز گام کو روانہ کردیا گیا ہے۔

پاکستان کے صدرعارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔

 

ٹیگس