Nov ۱۱, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۵ Asia/Tehran
  • نواز شریف آج بھی علاج کیلئے بیرون ملک نہ جا سکے ٹکٹ کینسل

لندن میں نواز شریف کو ہپستال میں داخل کروانے کے انتظامات کیے گئے ہیں ۔

پاکستان کے نا اہل ہونے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیرون ملک روانگی منسوخ کر دی گئی، قطر ائر ویز کی پرواز 629 سے نواز شریف کی ٹکٹیں کینسل کر دی گئی ہیں۔ سابق وزیر اعظم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر بدستور موجود ہے اور حکومت اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کر سکی ہے۔

سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ کے قائد نواز شریف کو لندن پہنچتے ہی سیدھے مرکزی لندن کے ایک نجی ہپستال میں داخل کرانے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے جہاں ان کی طبی ٹیم کو بھی تیار رہنے کی ہدایت کر دی گئی تھی۔ لندن میں موجود پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کو اُسی ہپستال میں داخل کروانے کے انتظامات کیے گئے ہیں جہاں وہ ماضی میں بھی زیرِ علاج رہ چکے ہیں۔

 نون لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ طبی ماہرین نواز شریف کی پلیٹ لیٹس بڑھانے کی کوشش میں ہیں اور پلیٹ لیٹس میں کمی پر ڈاکٹرز کی تشویش بڑھ گئی ہے، معالجین کے مطابق گزرتے وقت کے ساتھ خطرات بڑھتے جا رہے ہیں۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کوتشویشناک حالت کے بعد بھی حکومت نے تاحال لندن روانگی کی اجازت نہیں دی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کے روزہوگا اوراسی اجلاس میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ٹیگس