Nov ۲۲, ۲۰۱۹ ۰۷:۵۴ Asia/Tehran
  • مولانا فضل الرحمان کا بڑا دعوی

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بہت بڑا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں بلوچستان حکومت، چیئرمین سینٹ اور گورنر کے پی کے عہدوں کی پیشکش ہوئی جسے ہم نے مسترد کر دیا ہے۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہرڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کے دوران جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف ہماری تحریک برقرار رہے گی، نئے الیکشن اور حکومت کے خاتمے کی جلد نوید عوام کو ملے گی، عوامی قوت سے ملکی نظام بند کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مارچ اب ملک کےدیگر حصوں تک پھیل چکا ہے، ازسرنو عام انتخابات ہوں گے اور عوامی نمائندہ حکومت تشکیل دی جائے گی لہذا وزیراعظم کے پاس کوئی راستہ نہیں استعفیٰ دینا ہی پڑے گا۔

سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت، چئیرمین سینیٹ اور گورنر خیبر پختونخوا کا عہدہ دینے کی پیشکش ہوئی، جسے ہم نے مسترد کر دیا ہے کیونکہ ہم اس جعلی حکومت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

ٹیگس