Dec ۰۳, ۲۰۱۹ ۱۵:۱۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان اور جاپان کے مشترکہ بیان پر پاکستان کا ردعمل

پاکستان نے ہندوستان اور جاپان کے حالیہ مشترکہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے نئی دہلی پر ایف اے ٹی ایف کے اقدامات کو سیاسی رنگ دینے کا الزام لگایا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں تیس نومبر کو ہندوستان اور جاپان کے وزرائے خارجہ و دفاع کی سطح پر ٹو پلس ٹو کے نام سے موسوم دوفریقی مذاکرات ہوئے تھے جس کے ایک حصے میں ٹوکیو نے ہندوستان کے زیرکنٹرول کشمیر  کے مسئلے کو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مذاکرات کے ذریعے حل کئے جانے پر تاکید کی تھی۔ پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے منگل کو ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد اپنے خلاف ہندوستان اور جاپان مشترکہ بیان کو مسترد کرتا ہے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد نے ٹوکیو حکومت کو اس پر اپنی گہری تشویش اور احتجاج سے آگاہ کر دیا ہے۔  پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے لیے بقول ان کے ہندوستان کی بدنیتی ساری دنیا جانتی ہے اور اسلام آباد پر سرحد پار دہشت گردی کے ہندوستانی  الزامات کا مقصد کشمیر کی صورتحال سے عالمی رائے عامہ کی توجہ ہٹانا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کشمیر کے مسئلے پر کشیدگی بڑھنے کے بعد سے اکثر علاقائی و عالمی حلقوں میں ایک دوسروں پر تنقید کرتے ہیں۔