Dec ۲۷, ۲۰۱۹ ۱۸:۳۹ Asia/Tehran
  • بلاول بھٹو زرداری کو ملک میں آئندہ سال انتخابات کی امید

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت والی حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے اسے سیاسی یتیموں کی حکومت قرار دیا ہے۔

راولپنڈی کے لیاقت باغ میں اپنی والدہ اور سابق وزیراعظم بے بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پر سیاسی یتیم راج کر رہے ہیں۔انہوں نے حکومت کی خارجہ پالیسی پر بھی نکتہ چینی کی اور کہا کہ ہماری خود مختاری کا یہ عالم ہے کہ ہمارا وزیراعظم اپنی مرضی سے کسی دوسرے ملک کا دورہ بھی نہیں کرسکتا۔

ان کا اشارہ کوالالامپور سمٹ کی جانب تھا جس میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے شرکت سے عین موقع پر انکار کردیا تھا۔ کہا جارہا ہے کہ انہوں نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دباؤ میں ایسا کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے تمام شعبوں میں حکومت پر ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملک آئینی اور معاشی بحران کا شکار ہے جبکہ ہمارے معاشی فیصلے آئی ایم ایف کر رہا ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ آنے والا سال عوامی راج اور شفاف الیکشن کا ہوگا اور بقول ان کے ملک کو سیاسی یتیموں سے نجات ملے گی۔

پیپلز پارٹی کے چیرمین نے یہ بھی دعوی کیا کہ وہ عوام کو ملک کی طاقت کا سرچشمہ بنائیں گے اور عوام کی مدد سے موجود حکمرانوں کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔

ٹیگس