Dec ۲۹, ۲۰۱۹ ۱۷:۳۰ Asia/Tehran
  • حکومت نے ہمارا موقف تسلیم کرلیا ہے، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان کی اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے نیب آرڈینیس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے نیب اور معیشت کے ایک ساتھ نہ چلنے کے حوالے سے ہمارا موقف تسلیم کرلیا ہے۔

اپنے ایک ٹوئیٹ میں بلاول بھٹو زرداری نے لکھا ہے کہ حالیہ نیب آرڈیننس اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت بھی سابق صدر آصف علی زرداری کی اس بات سے متفق ہے کہ معیشت اور نیب ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے حال ہی میں صدارتی آرڈیننس کے ذریعے قومی احتساب آرڈیننس انیس سو ننانوے میں غیرمعمولی تبدیلیاں کردی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئیٹ میں امید ظاہر کی ہے کہ حکومت انسداد بد عنوانی سے متعلق قانون سازی کے لیے اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ کھلے جانبدارانہ اقدامات کے بجائے انسداد بدعنوانی سے متعلق قانون سازی کے لیے اپوزیشن کے ساتھ مل کر کام کرے۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دو روز قبل اپنے ایک خطاب میں انہوں نے قومی احتساب بیورو نیب کے اقدامات پر کڑی نکتہ چینی کی تھی۔

ٹیگس