Jan ۱۸, ۲۰۲۰ ۱۸:۵۹ Asia/Tehran
  • پی ٹی آئی کی ایم کیو ایم کو منانے کی ایک اور کوشش

پاکستان کی حکمراں جماعت پی ٹی آئی نے حلیف سیاسی جماعت ایم کیو ایم کو منانے کی کوشش تیز کرتے ہوئے اسے کابینہ میں دوبارہ شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق تحریک انصاف کے ایک وفد نے سینیئر پارٹی رہنما جہانگیر ترین کی قیادت میں ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی ہے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ حکومتی وفد کی جانب سے خالد مقبول صدیقی کو کابینہ میں شمولیت کی دوبارہ دعوت دی گئی تاہم ایم کیو ایم نے مسائل کے حل تک کسی بھی پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔ حکمراں جماعت کے وفد نے ناراض جماعت کو منانے کے لیے ایک ہفتے میں دوسری بار ایم کیو ایم کے مرکز کا دورہ کیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان اختلافات بدستور باقی ہیں جس کا اندازہ پارٹی رہنماؤں کے بیانات سے لگایا جاسکتا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے ایم کیو ایم کے مسائل کو اہم تسلیم کیا ہے تاہم کہا ہے کہ سارے معاملات ایک دم ٹھیک نہیں ہوسکتے۔دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کابینہ میں دوبارہ شمولیت ہمارے لئے کوئی مسئلہ نہیں بلکہ ہمارے مسائل ہمارے لیے اہم ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے خالد مقبول صدیقی نے مسائل حل نہ ہونے کو بنیاد بناتے ہوئے وفاقی کابینہ سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔