Jan ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۸:۴۲ Asia/Tehran
  • پاکستان نے امریکہ کا ساتھ دے کر بڑی غلطی کی، عمران خان

پاکستان کے وزیر اعظم نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے ملک نے جنگ افغانستان اور دہشت گردی کے خلاف امریکہ کی جنگ میں شامل ہوکر بہت بڑی غلطی کی ہے۔

سوئزرلینڈ میں جاری ڈیوس اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جنگ افغانستان میں مشارکت کے نتیجے میں پاکستانی سماج کو انتہا پسندی، تشدد، غیر قانونی اسلحے، منشیات اور فرقہ واریت جیسے خطرناک چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ گیارہ ستمر دوہزار ایک کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر قائم کردہ امریکی اتحاد میں شمولیت دوسری غلطی تھی جس کے نتیجے میں ستر ہزار پاکستانیوں کی جانیں ضائع ہوئیں اور ہزاروں خودکش حملوں اور دہشت گردی کے دوسرے واقعات نے پاکستان کو دنیا کے خطرناک ترین ملکوں کی صف میں لاکھڑا کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو جنگ افغانستان سے یہ سبق ملا ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کا حصول، امن و استحکام کے بغیر ممکن نہیں۔انہوں نے خطے میں جنگ کی روک اور ایران سعودی عرب کشیدگی ختم کرانے کی غرض سے پاکستان کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں جنگ ، پاکستان کے لیے تباہ کن نتائج کی حامل ہوگی۔

ٹیگس