Feb ۰۱, ۲۰۲۰ ۱۸:۳۵ Asia/Tehran
  • پاکستان مسئلہ کشمیر میں ٹرمپ کو ثالث نہ بنائے ، سینیٹر مشاہد حسین

پاکستان کے سینیئر سینیٹر اور قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے سربراہ مشاہد حسین سید نے مسئلہ کشمیر پر امریکی ثالثی کو ملک کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین سید نے حکومت پاکستان کو خبردار کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر امریکی ثالثی ہر گز قبول نہ کرے۔انہوں مسئلہ فلسطین کے حوالے سے امریکی صدر کے شرمناک سینچری ڈیل منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ مسئلہ کشمیر کا بھی وہی حشر کرے گا جو اس نے  فلسطین کا کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات میں کہا تھا کہ میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہوں۔

سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ امریکہ گریٹر اسرائیل کے منصوبے پر کام کر رہا ہے اور ٹرمپ کو نظریہ ضرورت کے تحت پاکستان کی ضرورت ہے لہذا پاکستان کو پوری طرح ہوشیار رہنا چاہیے۔

ٹیگس