Feb ۱۴, ۲۰۲۰ ۱۸:۳۰ Asia/Tehran
  • ترک صدر کی پاکستانی وزیراعظم سے ملاقات

ترک صدر رجب طیب اردوغان اور پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے باہمی روابط میں زیادہ سے زیادہ فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوغان کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی ہے، جس میں دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عمران خان اور رجب طیب اردوغان کی موجودگی میں پاکستان اور ترکی کے درمیان مختلف سمجھوتوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ۔ 
باہمی ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ 
واضح رہے کہ ترک صدر طیب اردوغان وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان جمعرات کی شام اسلام آباد پہنچے تھے۔ 
ترک صدر نے جمعے کا دن وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ گزارا اور اسلام آباد میں پاک ترک بزنس فورم کی تقریب میں شرکت بھی کی۔
پاک ترک بزنس فورم سے اپنے خطاب میں اردوغان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دوسرے گھر پاکستان میں آکر بہت خوش ہیں، پاکستان کے ساتھ معاشی تعلقات اور تجارت کو بڑھانا چاہتے ہیں۔
ترک صدر رجب طیب اردوغان نے کہا کہ پاکستان اور ترکی بہت سے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرسکتے ہیں، میں پاکستانی بھائیوں کو ترکی میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں۔ 
ترک صدر ادروان کا کہنا تھا کہ ترکی میں جوان اور باصلاحیت افرادی قوت موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ علاج معالجے کے لیے مغرب کی جانب دیکھتے ہیں، جبکہ ترکی میں مغرب سے کہیں زیادہ جدید علاج کی سہولتیں موجود ہیں۔