Feb ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۴:۵۴ Asia/Tehran
  •  سندھ ہائی کورٹ کی سابق صدر پرویز مشرف کی سزائے موت برقرار رکھنے کی درخواست

پاکستان کی سندھ ہائی کورٹ نے ملک کی عدالت عظمی سے سابق صدر پرویز مشرف کی سزائے موت برقرار رکھنے کی درخواست کی ہے۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کی سزائے موت منسوخ کرنے کے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلینج کردیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی سزائے موت کو برقرار رکھا جائے ۔

سندھ ہائی کورٹ نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے پاس خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت کا اختیار نہیں تھا ، اس لئے اس کا فیصلہ منسوخ کیا جائے ۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہےکہ خصوصی عدالت نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو سزائے موت دینے کا فیصلہ مسلمہ حقائق کی بنیاد پر جاری کیا تھا۔

سندھ ہائی کورٹ کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ خصوصی عدالت کی تشکیل مروجہ قانون کے مطابق عمل میں آئی تھی اور لاہور ہائی کورٹ نے حقائق اور قانون کا درست جائزہ نہیں لیا ہے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے استغاثے کے شواہد کو کوئی اہمیت نہیں دی ۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال سترہ دسمبر کو اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے لئے سزائے موت کا فیصلہ صادر کیا تھا۔

ٹیگس