Mar ۰۸, ۲۰۲۰ ۰۸:۴۵ Asia/Tehran
  • پاکستان، ایڈمٹ کارڈز کی تقسیم کے لئے اسکول کھولے جائیں گے

پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب بند ہونے والے اسکولوں کے دفاتر کو ایڈمٹ کارڈز کی تقسیم کیلئے عارضی طور پر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان میں صوبہ سندھ کے محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے کورونا وائرس کے باعث تیرہ مارچ تک بند اسکولوں کے دفاتر کھولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نویں اور دسویں جماعت کے ایڈمٹ کارڈز تقسیم کرنے کے لیے دفاتر کھول دیے جائیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ ‘تعلیمی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبہ سندھ کے وہ اسکول اپنے دفاتر کھول سکتے ہیں جہاں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات ہونے ہیں یا جن اسکولوں میں بچوں کو ایڈمٹ کارڈز تقسیم کئے جانے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات سولہ مارچ سے شروع ہوں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ 6 کیسز میں سے 3 کا تعلق کراچی سے تھا، بقیہ مریض گلگت بلتستان سے تعلق رکھتے ہیں اور26 فروری کو کراچی میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد سندھ حکومت نے دو روز کے لیے اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم یکم مارچ کو فیصلے میں توسیع کرتے ہوئے تیرہ مارچ تک اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

 

ٹیگس