Mar ۱۴, ۲۰۲۰ ۱۶:۳۵ Asia/Tehran
  • وزیر اعظم پاکستان سے ایرانی سفیر کی ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان نے علاقے میں دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے باہمی تعاون اور کوششوں کی تقویت پر زور دیا ہے۔

اسلام آباد میں ایران کے سفیر سید محمدعلی حسینی نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں مغربی ایشیا میں دہشت گرد گروہ داعش کے خطرات کا ذکرکرتے ہوئے دہشت گردی پر غلبہ پانے کے لئے تہران اور اسلام آباد کی کوششوں اور تعاون کی تقویت پر زور دیا-

 انہوں نے  ایرانی حکام کی نظر میں ایران پاکستان تعلقات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے مختلف میکینزم خاص طور پر بارڈر ٹریڈ کے ذریعے دوطرفہ تجارتی لین دین کے حجم کو بڑھانے پر زور دیا -

ایرانی سفیر نے پاکستان کے وزیر اعظم سے ملاقات میں اسلام آباد کے ساتھ ثقافتی تعلقات کی توسیع پر تہران کی آمادگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حفظان صحت کے اصولوں اور معیاروں کی پاسداری کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو جاری رکھنا ناگزیر ہے- انہوں نے کورونا سے نمنٹنے کے بارے میں ایرانی حکومت کے اقدامات اور ڈبلیو ایچ او کے ساتھ تہران کے تعاون کی بھی تشریح کی -

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھی اس ملاقات میں ایران کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے پہلے سے بھی زیادہ پرعزم ہے.

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد اور تہران کے درمیان ثقافتی تعاون میں توسیع کا خیر مقدم کرتے ہوئے مغرب کی ثقافتی یلغار کے مقابلے میں اسلامی ملکوں کی اعتقادی اور نظریاتی بنیادوں کی تقویت پر زور دیا -

انہوں نے سیاحت کے شعبے میں دونوں ملکوں کے تعلقات کا دائرہ مزید وسیع کرنے پر تاکید کی -

ٹیگس