Mar ۲۱, ۲۰۲۰ ۲۲:۱۱ Asia/Tehran
  • کورونا مخالف مہم میں پاکستانی فوج شامل

پاکستان میں آرمی چیف نے فوج کو کورونا وائرس کے خلاف مہم میں سول انتظامیہ کے ساتھ تعاون بڑھا دینے کے احکامات صادر کردیئے ہیں ۔

پاکستانی ذرائع کے مطابق فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کی۔ اس میٹنگ کے بعد انھوں نے فوج کو کورونا وائرس کے خلاف مہم میں سول انتظامیہ کی امداد تیز کر دینے کے احکامات صادر کردیئے۔ 
پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ حکومت اور محکمہ صحت کی کورونا وائرس کے حوالے سے ہدایات پر عمل کرے اور ایسا کرنے سے ہی قومی کوشش کامیاب ہو گی۔
انھوں نے اس سلسلے میں چین کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ چین نے ثابت کر دکھایا ہے کہ کوئی بھی خطرہ ایک ذمے دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا ۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ فوج قومی مہم میں شریک ہوکے اس ذمے داری کو ادا کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہم کورونا وائرس سے قوم کی حفاظت کے عمل کو مقدس فریضے کے طور پر انجام دیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد پانچ سو چالیس سے تجاوز کر  چکی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہوا ہے جہاں سنیچر کو کورونا وائرس کے پندرہ نئے کیس سامنے آنے کے بعد اس صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دو سو سڑسٹھ، پنجاب اور بلوچستان میں ایک سو چار ایک سو چار خیبر پختوخواہ میں ستائیس اسلام آباد میں دس اور گلگت بلتستان میں تیس بتائی گئی ہے۔ 

ٹیگس