Mar ۲۳, ۲۰۲۰ ۲۰:۱۱ Asia/Tehran
  • پاکستان اور ہندوستان میں بھی کورونا وائرس سے اموات میں اضافہ

پاکستان اور ہندوستان میں بھی کورونا وائرس میں مبتلا افراد اور اموات میں اضافے کی رپورٹ ہے جبکہ ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں پیر سے لاک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد سات سو ننانوے اور اموات چھے ہو گئی ہیں۔  پاکستان ذرائع کے مطابق سندھ میں تین سو باون، پنجاب میں دو سو پچیس، بلوچستان میں ایک سو آٹھ، خیبر پختونخواۃ میں اکتیس، گلگت بلتستان میں اکہتر، اسلام آباد میں گیارہ اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کرونا وائرس کے سبب ایک شخص کے مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس میں مبتلا تین سو باون افراد میں سے ایک سو تیس افراد کا تعلق کراچی سے ہے ۔ اسی کے ساتھ صوبہ سندھ میں پیر سے لاک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے۔
ادھر ہندوستان کی وزارت صحت نے پیر کی صبح ملک میں تین سو ساٹھ افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر دی تھی۔ ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق ان میں سے تین سو انیس افراد ہندوستانی اور اکتالیس غیر ملکی شہری ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد سات ہو گئی ہے جبکہ چوبیس افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ ہندوستان میں اتوار کو ملک گیر جنتا کرفیو کا نفاذ رہا ہے۔  پیر سے مختلف ریاستوں میں اکتیس مارچ تک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔
دہلی کے وزیر اعلی ارونا کیجریوال نے عوام سے لاک ڈاؤن میں تعاون کی اپیل کی ہے جبکہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر سے مختلف ریاستوں میں شروع ہونے والے لاک ڈاؤن کو سنجیدگی سے نہ لیئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ 

 

ٹیگس