Apr ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۸:۳۶ Asia/Tehran
  • افغان صدر اور پاکستانی آرمی چیف کی ٹیلی فونی گفتگو

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے پاکستانی فوج کے سربراہ سے ٹیلی فونی گفتگو میں علاقے کی تازہ ترین صورتحال پر بات چیت کی ہے۔

 پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کے صدر اشرف غنی کے ساتھ ہونےوالی اس ٹیلی فونی گفتگو میں عبداللہ عبداللہ کے ساتھ ان کے اختلافات کے حل ہونے کی امید کا خیر مقدم کیا ہے۔ 

افغانستان میں اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ دونوں ہی خود کوملک کا صدر کہتے ہیں۔ پاکستان کے آرمی چیف نے طالبان کے ساتھ افغان گروہوں کے ممکنہ مذاکرات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں جنگ و خونریزی جلد سے جلد ختم ہو جائے گی اور افغان عوام امن و سکون کی زندگی بسر کریں گے۔

اشرف غنی نے بھی کہا کہ افغان حکومت نے عبداللہ عبداللہ کے ساتھ سیاسی اختلافات کو حل کرنےکے لئے بارہا اپنی آمادگی کااعلان کیا ہے اور طالبان کے ساتھ بھی مذاکرات میں سبھی افغان گروہوں کی  شمولیت کے حق میں ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان کے الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخابات میں اشرف غنی کو کامیاب قرار دیا تھا لیکن ان کے حریف امیدوارعبداللہ عبداللہ نے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا اور نتیجے میں دونوں نے ایک ہی دن کابل میں الگ الگ مقامات پر عہدہ صدارت کا حلف اٹھا لیا تھا۔تبھی سے افغانستان ایک سیاسی بحران سے روبرو ہے۔

ٹیگس