Jun ۰۶, ۲۰۲۰ ۱۰:۲۵ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا کا قہر جاری، ہسپتالوں میں جگہ کم پڑ گئی

پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا تشویش ناک حد تک پھیل گئی، اسپتال مریضوں سے بھرنے لگے جس کے سبب مزید مریضوں کو داخل کرنے سے انکار کیا گیا۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق ملک میں نہ صرف کورونا کیسز کی تعداد میں بلکہ اس سے اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 4 ہزار 734 نئے مریض سامنے آ گئے جبکہ 1 دن میں 97 کورونا مریض جاں بحق ہو گئے جو  ایک ریکارڈ ہے۔

پاکستان کورونا وائرس کے مریضوں کی فہرست میں 17 ویں نمبر پرآ گیا ہے جہاں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 93 ہزار 983 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 1 ہزار 935 ہو گئی۔

کورونا وائرس کے ملک میں 59 ہزار 467 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 32 ہزار 581 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کراچی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اسپتالوں میں مریضوں کے لیے قائم وارڈز میں جگہ ختم ہوگئی ہے، جمعہ کی رات انڈس اسپتال انتظامیہ نے اسپتال کے باہر بورڈ آویزاں کردیا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے قائم وارڈز مکمل طور پر بھر چکے ہیں لہذا اب کورونا کے مریضوں کو اسپتال میں داخل نہیں کیا جائے گا۔ اس نوٹس سے معاملے کی سنگینی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

ٹیگس