Jun ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۰:۴۹ Asia/Tehran
  • اسرائیل عالمی قوانین کی خلاف ورزی سے باز رہے: پاکستان

پاکستان نے کہا ہے کہ اسرائیل کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی سے دستبردار ہو جانا چاہئے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطین میں غرب اردن کے علاقوں کو مقبوضہ علاقوں میں شامل کرنے والے صیہونی منصوبے پر تشویش ظاہرکرتے ہوئےغاصب صیہونی ٹولے سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور عالمی ضابطوں کی مسلسل خلاف ورزی سے باز آ جائے۔

ریاض میں اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ نے فلسطین کی حمایت پر زور دینے کے ساتھ ساتھ فسلطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسلام آباد تل ابیب سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ایسے ہر یکطرفہ اقدام سے گریز کرے جو فلسطینی علاقوں پر قبضہ کرنے کا باعث اور بین اقوامی قوانین کے علاوہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی پامالی کا سبب بنے۔

خیال رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے پانچ جون سنہ انیس سو سڑسٹھ کو فلسطین کے مغربی کنارے، مشرقی بیت المقدس، غزہ اور شام کی جولان پہاڑیوں پر اپنا ناجائز قبضہ جما لیا تھا اور اب وہ دوبارہ اپنے جارحانہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مغربی کنارے کے اُن علاقوں کو پھر سے اپنے اختیار میں لینا چاہتا ہے ۔ صیہونی ٹولے نے اعلان کیا ہے کہ وہ جولائی کے مہینے سے اپنے اس ناپاک اور ناجائز منصوبے پرعملدرآمد شروع کرے گا۔

ٹیگس