Jun ۲۷, ۲۰۲۰ ۱۱:۵۳ Asia/Tehran
  • پاکستان نے FATF کی گرے لسٹ میں توسیع سے متعلق رپورٹس کو مسترد کردیا

پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ میں توسیع سے متعلق ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان اور میڈیا رپورٹس کو سختی سے مسترد کردیا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے  ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان اور ہندوستانی میڈیا میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں توسیع کے حوالے سے پاکستان مخالف خبروں کی سختی کے ساتھ تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹاسک فورس کے 24 جون 2020 کو ہونے والے ورچوئل اجلاس میں پاکستان ایجنڈے پر ہی نہیں تھا اس لیے پاکستان کے بارے میں کسی بھی قسم کے فیصلے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔

عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ پاکستان اس جائزہ اجلاس میں اپنی پیشرفت رپورٹ پیش کرنے کے لیے تیار تھا مگر کورونا وائرس کے باعث مکمل اجلاس نہ ہو سکا، ایسے میں پاکستان سمیت متعدد ممالک کے بارے میں فروری 2020 میں ایف اے ٹی ایف کے مکمل جائزہ اجلاس میں ہونے والے فیصلے برقرار ہیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان  نے کہا کہ اس پس منظر میں ہندوستانی میڈیا کی یہ خبر کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی توسیع دے دی ہے واضح طور پر گمراہ کن، من گھڑت  اور سیاسی فوائد کے لیے ایف اے ٹی ایف کے پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کی مذموم کوشش ہے۔

ٹیگس