Aug ۱۸, ۲۰۲۰ ۱۱:۲۹ Asia/Tehran
  • پاکستان کے آرمی چیف، آل سعود کو منانے جدہ پہونچے

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالدبن سلمان بن عبد العزیزسےملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی اور دفاعی تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں علاقائی اور باہمی سیکیورٹی تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔

قبل ازیں آرمی چیف سعودی عرب پہنچے تو سعودی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمد الرویلی نے ان کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمد الرویلی سمیت سعودی کمانڈر جوائنٹ فورسز لیفٹیننٹ جنرل فہد بن الترکی السعود سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ عسکری تعلقات اور تربیتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان کے آرمی چیف کا سعودی عرب کا دورہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے کشمیر اور بابری مسجد معاملے پر سعودی عرب کے خلاف سامنے آنے والے سخت بیان کے بعد خاص اہمیت حاصل کر گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کشمیر اور بابری مسجد معاملے پر پاکستانی وزیر نے سعودی عرب کو آڑے ہاتھوں لیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کورونا وائرس کے باوجود ناراض سعودی حکام کو منانے کیلئے سعودی عرب گئے ہیں اور ان کی بھرپور کوشش ہوگی کہ سعودی حکام کی ناراضگی کو دور کریں۔ تاہم اگر سعودی حکام سے ان کی بات نہ بنی اور سعودی حکام اپنے موقف پر قائم رہے یا پھر شاہ محمود قریشی بھی اپنے موقف پر ڈٹ گئے تو شاید پاک ، سعودی تعلقات کے مستقبل کا منظرنامہ بالکل ہی بدل جائے۔

ٹیگس