Sep ۰۸, ۲۰۲۰ ۱۰:۲۵ Asia/Tehran
  • پاکستان، 17 مزدور جاں بحق، 5 دہشتگرد ہلاک

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں ماربل کی کان بیٹھنے سے 12 مزدور جاں بحق جبکہ ایک آپریشن میں 5 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند کی تحصیل صافی کے علاقے زیارت میں ماربل کی کان اچانک بیٹھ گئی جس کے نتیجے میں دب کر 12 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔

ڈی پی او مہمند طارق حمید کا کہنا ہے کہ دور افتادہ علاقہ سے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ مزید افراد کے ملبے تلے دبنے کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

ابتدائی معلومات کی بنیاد پر حادثہ تودہ گرنے سے سامنے آیا تاہم حادثے کی باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقہ میرعلی میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں دہشت گرد وسیم زکریا اپنے 5 ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا جبکہ 10 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر میر علی میں کارروائی کی۔

آریانہ گروپ کے سرغنہ وسیم کا تعلق میر علی کے علاقہ حیدر خیل سے تھا جو دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں مطلوب تھا۔ وسیم 2019 سے اب تک 30 مختلف دہشت گرد کاروائیوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔

ٹیگس