Oct ۰۱, ۲۰۲۰ ۱۰:۵۵ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا نے ایک بار پھر سر اُٹھا لیا

پاکستان میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 8 ہزار 825 ہوگئی جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 543 لوگوں میں کوورنا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

پاکستان میں کورونا ایک بار پھر سر اُٹھانے لگا ہے اور 60 فیصد نئے کیسز کراچی میں سامنے آئے ہیں جس پر ضلع غربی کے گڈاپ ٹاون منگھوپیر یوسی 8 میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کردیا گیا ہے جب کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شہر بھر کے درجنوں ریسٹورینٹس اور دکانوں کو سیل کردیا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 543 نئے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آ گئے، مزید 5 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 616 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 12 ہزار 806 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 484 تک جا پہنچی ہے۔

انسٹاگرام پر آپ ہمیں فالو کر سکتے ہیں

کورونا وائرس کے پاکستان میں 8 ہزار 825 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 490 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 لاکھ 97 ہزار 497 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 20 ویں نمبر پرآ گیا ہے۔

ٹیگس