Oct ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۰:۰۳ Asia/Tehran
  • کوئٹہ میں 4 دہشت گرد ہلاک، پی ڈی ایم کے جلسے کا مقام تبدیل

بلوچستان حکومت نے ایک بار پھر پی ڈی ایم سے جلسہ منسوخ کرنے کی درخواست کی۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر مستونگ میں 4 دہشتگردوں کی ہلاکت کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں ہونے والے جلسے کا مقام تبدیل کردیا گیا اور اب پی ڈی ایم کا جلسہ ہاکی چوک کے بجائے ایوب اسٹیڈیم میں ہوگا۔

دوسری جانب بلوچستان حکومت نے ایک بار پھر پی ڈی ایم سے جلسہ منسوخ کرنے کی درخواست کی۔

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں سیکورٹی اداروں نے بہت بڑی کامیابی حاصل کی ہے، صوبے میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔

ضیا لانگو نے کہا کہ اگر پی ڈی ایم جلسہ کرے گی تو ہم انہیں مکمل سیکورٹی فراہم کریں گے۔ پی ڈی ایم جلسے کے لیے 4 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔

صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔ مستونگ میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد کمانڈر عبد الکریم کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔

واضح رہے کہ کل مستونگ کے علاقے دشت میں فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کا اہم سرغنہ عبدالکریم کرد سمیت 4 دہشتگرد ہلاک اور 2 فرار ہوگئے جبکہ 2 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

دہشتگرد عبد الکریم کرد کوئٹہ میں دہشت گردی کی بڑی وارداتوں میں ملوث تھا۔ بلوچستان حکومت نے دہشتگرد کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے رکھی تھی۔

ٹیگس