Nov ۰۶, ۲۰۲۰ ۱۷:۳۹ Asia/Tehran
  • بلاول بھٹو زرداری کا نواز شریف کے بیان سے اعلان لاتعلقی

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے رہنما بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے بیان سے اپنی جماعت کی لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تقریر میں عسکری عہدیداروں کے نام سنے تو انہیں دھچکہ لگا تھا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ نواز شریف نے واضح اور ٹھوس ثبوت کے بغیر نام نہیں لیے ہوں گے کیونکہ وہ تین بار ملک کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے کسی ایک ادارے کو نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کو قصور وار ٹھہرانے پر اتفاق ہوا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ لندن میں مقیم پاکستان کے اپوزیشن رہنما اور مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف نے گوجرانوالہ میں اپوزیشن کے اتحاد پی ڈی ایم کے پہلے جلسے سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے پاکستانی فوج کے سربراہ اور آئی ایس آئی چیف کا نام لے کر دونوں عسکری عہدیداروں پر سنگین الزاماعات عائد کیے تھے۔ بعد ازاں کوئٹہ اور کراچی کے جلسوں میں بھی انہوں نے اپنے الزامات کا اعادہ کیا تھا۔ دوسری جانب ن لیگ کے رہنما محمد زبیر نے بلاول بھٹوزرداری کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیلیکٹڈ کا لفظ سب سے پہلے بلاول نے استعمال کیا تھا وہ بتائیں کہ سیلکیٹ کرنے والا کون ہے ۔

ٹیگس