Apr ۲۹, ۲۰۱۷ ۲۱:۰۷ Asia/Tehran
  • نواسہ رسولۖ حضرت امام حسین علیہ السلام کا جشن ولادت باسعادت

نواسہ رسولۖ سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کی شب ولادت باسعادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران سراپا جشن و نور و سرور ہے۔

عراق اور دنیا کے دیگر ملکوں کے ساتھ ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران میں نواسہ رسولۖ حضرت امام حسین علیہ السلام کا جشن ولادت باسعادت نہایت دھوم دھام سے منایا جا رہاہے-

ہمارے نمائندوں نے خبر دی ہے کہ آسمان امامت و ولایت کے تیسرے درخشاں ستارے نواسہ رسولۖ، جگرگوشہ علی و بتول حضرت امام حسین علیہ السلام کی شب ولادت باسعادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد امام بارگاہوں اور مذہبی مقامات پر محافل میلاد کا اہتمام کیا گیا ہے-

پورے ایران میں سڑکوں اور نجی و سرکاری عمارتوں کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے اور نوجوان سڑکوں پر جگہ جگہ اسٹال لگا کر ایک دوسرے کو میٹھائیاں تقسیم اوراس پرمسرت موقع پر مبارک باد پیش کر رہے ہیں-

شعبان کے ابتدائی ایام کی عیدوں یعنی تین، چار اور پانچ شعبان العمظم کی مناسبت سے حضرت امام حسین، حضرت عباس اور حضرت امام زین العابدین علیھم السلام کے ایام ولادت باسعادت کے جشن میں شرکت کے لئے مشہد المقدس اور قم المقدسہ میں حضرت امام علی رضاعلیہ السلام اور جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں عاشقان اہلبیت اطہار(ع) کا جم غفیر ہے جو اس پرمسرت موقع پر ان عظیم ہستیوں کے حضور ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کر رہا ہے-

کربلائے معلی سے بھی ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ عراق اور دنیا کے مختلف ملکوں کے لاکھوں زائرین اس وقت سیدالشہدا حضرت امام حسین اور علمدار کربلا حضرت ابوالفضل عباس علیھماالسلام کے حرم ہائے مطہر اور بین الحرمین میں موجود ہیں جو نذرانہ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ شعبان کی ان بابرکت عیدوں کا جشن منا رہے ہیں-

اس موقع پر کربلائے معلی، نجف اشرف، کاظمین اور سامرا میں لاکھوں عاشقان اہلبیت اطہار (ع) کی موجودگی کے پیش نظر سبھی مقدس مقامات پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں-

شام، لبنان، پاکستان اور ہندوستان سے بھی اطلاعات ہیں کہ سبھی چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں جشن منایا جا رہا ہے اور محافل میلاد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ جگہ جگہ پرندز و نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے-

ٹیگس