Nov ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۳:۱۰ Asia/Tehran
  • زائرین کی مشہد آمد کا سلسلہ جاری

فرزند رسول حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کی شہادت کی مخصوصی میں شرکت کے لیے زائرین اور عزاداروں کی آمد کا سلسلہ جاری اور کئی لاکھ ملکی اور غیر ملکی زائرین مشہد مقدس پہنچ گئے ہیں۔

مشہد مقدس سے ہمارے نمائندے کے مطابق فرزند رسول حضرامام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کی شہادت کی مخصوصی میں شرکت کے لیے بڑی تعداد میں زائرین اور عزادار مشہد مقدس پہنچ گئے ہیں جبکہ قرب و جوار کے شہروں سے پیدل سفر کرکے آنے والے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جو آج رات تک بارگاہ علی ابن موسی الرضا پہنچ جائیں گے۔
بارگاہ رضوی کی تمام راہداریاں اور صحن عزاداروں سے بھرے ہوئے ہیں اور ہر طرف سے نوحہ ماتم اور دعا و مناجات کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
مشہدالرضا کے اطراف کی سڑکوں اور شاہراہوں پر سیاہ پرچم لہرا رہے ہیں اور عزاداروں کے چھوٹے بڑے دستے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے بارگاہ رضوی کی جانب رواں دواں ہیں، جبکہ جگہ جگہ پانی اور چائے کی سبیلیں لگائی گئی ہیں۔
قم المقدسہ میں حضرت امام رضا علیہ السلام کی خواہر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضہ اقدس میں عزاداری کا سلسلہ جاری ہے جس میں بڑی تعداد میں عزادار شریک ہیں جو ایران کے مختلف شہروں اور مختلف ممالک سے سفر کر کے یہاں پہنچے ہیں۔
شیراز میں حضرت اما رضا علیہ السلام کے بھائی حضرت احمد ابن موسی شاہ چراغ کا روضہ بھی ہزاروں عزاداروں کا میزبان ہے جو قرب و جوار کے شہروں سے آپ کو بھائی کا پرسہ دینے کے لیے آئے ہیں۔
تہران کی تمام مساجد اور امام بارگاہوں اور اہلبیت اطہار علیھم السلام کی برگزیدہ ہستیوں کے روضوں میں بھی مجالس عزا منعقد کی جا رہی ہیں اور جلوس ہائے عزا برآمد کیے جا رہے ہیں۔
شہر رے میں حضرت عبدالعظیم حسنی علیہ السلام کا روضہ بھی سیاہ پوش وعزادار ہے اور لوگ نوحہ خوانی اور سینہ کر رہے ہیں۔
ایران کے دیگر شہروں اور قریوں میں بھی حضرت امام رضا علیہ السلام کی یاد میں عزاداری کا سلسلہ جاری ہے اور جلوس ھائے عزا برآمد کیے جارہے ہیں۔
اٹھائس صفر کو جناب رسول خدا کے یوم رحلت اور سبط اکبر حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر شروع ہونے والا عزاداری کا یہ سلسلہ اتوار کی رات دیر گئے تک جاری رہے گا۔

ٹیگس