Mar ۱۵, ۲۰۱۷ ۲۳:۴۱ Asia/Tehran
  • تسبیح حضرت فاطمہ زہراسلام اللہ علیہا

تحریر : حسین اختر رضوی

تسبیح حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ایک ایسی مقدس عبادت ہے جس کا اندازہ کسی عام انسان کے لئے ممکن نہیں ہے بلکہ اس کی اہمیت و فضیلت کو خاندان عصمت و طہارت علیہم السلام ہی سمجھ سکتے ہیں۔حدیث معصومین علیہم السلام میں اس کی بہت زيادہ فضیلتیں بیان ہوئی ہیں۔

فرزند رسول حضرت امام محمد باقر علیہ السلام فرماتے ہیں: خدا کی حمد وثنا کے لئے تسبیح فاطمہ سلام اللہ علیہا سے بڑھ کر کوئی عبادت نہیں ہے اور اگر اس سے بڑھ کر کوئی عبادت ہوتی تو اسے رسول مقبول (ص) جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو ضرور عطا کرتے۔ اسی طرح فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں: اگر کوئی شخص نماز واجب کے بعد تسبیح فاطمہ سلام اللہ علیہا پڑھے تو اس سے پہلے کہ وہ اپنا داہنا پیر بائیں پیر سے اٹھائے خداوند عالم اس کے گناہوں کو بخش دے گا ۔

دور حاضر کا سب سے اہم مسئلہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی گمراہی ہے ـ خصوصاً والدین، اولاد کے مستقبل سے متعلق بے پناہ فکر مند رہتے ہیں جب کہ اس کا بہترین حل تسبیح فاطمہ سلام اللہ علیہا ہے اس لئے کہ یہ تسبیح لوگوں کو برے انجام سے بچاتی ہے۔ اس سلسلے میں فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام نے اپنے ایک صحابی ابو ہارون سے فرمایا: اے ابو ہارون! ہم جس طرح اپنے بچوں کو نماز کی تعلیم دیتے ہیں اسی طرح تسبیح فاطمہ سلام اللہ علیھا بھی سکھاتے ہیں اس لئے تم بھی اس تسبیح کو اپنے لئے لازم کرلو کیونکہ اگر تسبیح کو ہمیشہ نہیں پڑھا جائے گا تو برے انجام کا خطرہ ہمیشہ لاحق رہے گا۔

جب شہزادی کونین کو ایک خادمہ کی ضرورت محسوس ہوئی تو آپ حضرت علی علیہ السلام کی اجازت سے رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم  کے پاس تشریف لائيں پیغمبر اسلام نے جناب زہرا کو منع نہیں کیا بلکہ فرمایا: یا فَاطِمَةُ أُعْطِیکِ مَا ھوَ خَیرٌ لَکِ مِنْ خَادِمٍ وَ مِنَ‏الدُّنْیابِمَا فِیہَا۔

اے فاطمہ میں ایسی چیز تمہیں عطا کروں گا جو خادمہ اور دنیا سے زیادہ تمہارے لئے بہتر ہوگی اس کے بعد فرمایا: اے میری پارہ جگر نماز کے بعد چونتیس مرتبہ اللہ اکبر، تینتیس مرتبہ الحمد للہ، تنیتیس مرتبہ سبحان اللہ پڑھو،یہ عمل اللہ کے نزدیک دنیا اور مافیہا سے بہت زيادہ بہتر ہے۔ بعض روایات میں وارد ہوا ہے کہ اگر تسبیح کے بعد لا الہ الا اللہ اور استغفر اللہ بھی کہا جائے تو بہتر ہے لیکن تسبیح کا جزء نہیں ہے۔

فرزند رسول حضرت امام صادق علیہ السلام فرماتے ہیں: تسبیح حضرت زہرا سلام اللہ علیہا میرے نزدیک ایک ہزار رکعت نماز سے زیادہ محبوب ہے کیوں کہ یہ تسبیح، حضرت زہرا سے وابستہ ہے۔ کچھ ہی وقت گزرا تھا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم جناب فضہ کو خادمہ کی حیثيت سے حضرت زہرا کے گھر تشریف لائے اور انہیں یہ بہترین ہدیہ دے کر فرمایا: بیٹا یہ عورت بھی تمہاری ہی طرح ہے آرام کو دوست رکھتی ہے اور زیادہ کام کرنے سے تھک جاتی ہے لہذا اس کے ساتھ کاموں کو تقسیم کر لینا، یعنی ایک دن گھر کا تم کام کرنا اور دوسرے دن فضہ گھر کا کام کریں۔

ٹیگس